چوری کی گاڑیاں منتقل کرنے والا ایڈووکیٹ 9 ویں بار گرفتار

March 09, 2021

کراچی کی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ایک ملزم کو نویں مرتبہ گرفتار کر لیا ہے جس نے جیل میں قید کے دوران وکالت کا امتحان پاس کیا اور اب وکیل کے بھیس میں چینی اور چوری کی گئی گاڑیاں کراچی سے اندرون سندھ اور بلوچستان لے جاتا رہا ہے۔

کراچی پولیس کے سی آئی اے کے شعبہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کے مطابق اے وی ایل سی گلشن ڈویژن نے کارروائی کے دوران ملزم ایوب ملک موہانا ولد ابراھیم کو گرفتار کرکے عزیز بھٹی تھانے کی حدود سے چوری کی گئی کار نمبر اے کے ٹی 044 برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق ملزم سال 2009 سے کراچی میں کاروں کی چوری میں ملوث ہے اور اس سے قبل 8 مرتبہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکا ہے۔

ترجمان اے بی ایل سی کے مطابق جیل میں قید کے دوران ملزم نے ایل ایل بی پاس کیا، ملزم وکیل کو یونیفارم میں چوری شدہ گاڑی لے جاتے ہوئے نویں بار گرفتار کر کے چوری شدہ کرولا کار برآمد کرلی۔

وکیل کی یونیفارم وارداتوں کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں ملزم کا کہنا ہے کہ وکیل کی یونیفارم پہن کر گاڑی لے جا تے ہوئے ٹول ٹیکس ادا کرنے کے لیے رکنا پڑتا ہے اور نہ ہی چیکنگ کے دوران پولیس روکتی ہے۔ ملزم کے بیان کے مطابق وکالت کے دوران بھی خرچے پورے کر نے کے لیے گاڑیوں کی چوری کا کام کرتا رہا۔

پولیس کے مطابق ملزم کسی بھی مخصوص چابی سے کوئی بھی گاڑی کھولنے کا ماہر ہے، ملزم عادی جرائم پیشہ ہے جو کہ چوری کی کاریں جھٹ پٹ بلوچستان میں حاجی نام کے خریدار کو فروخت کرتا ہے۔

ملزم کراچی پولیس کو متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا، ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کے مطابق گرفتار ملزم اپنے جرائم سے وکالت کے پیشے کو بدنام کررہا تھا، ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔