زرداری صاحب کا خیال تھا کہ جیل بھرو تحریک چلائی جائے،رانا ثناء اللہ

March 17, 2021

مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کے اجلاس میں سب نے پیپلز پارٹی کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے، زرداری صاحب کا خیال تھا کہ جیل بھرو تحریک چلائی جائے۔

رانا ثناء اللہ نے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وقت مانگا ہے، وہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی میں مشاورت کرے گی، پیپلزپارٹی کا استعفوں پر اتفاق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدوجہد کرنے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے ملک کے اندر یا باہر ہونا معنی نہیں رکھتا، بینظیر نے بھی ملک کے اندر اور باہر رہ کر تحریک چلائی، یہ زرداری صاحب کے علم میں ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ زرداری صاحب نے کہا کہ میاں صاحب آپ بھی آئیں اور آپ ہم جیل بھی جائیں، زرداری صاحب نےکہا جیل میں مرے تو لوگ ہمارے قصے کہانیاں پڑھیں گے ورنہ کوئی یاد بھی نہیں کرےگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ لائٹ موڈ میں بات ہوئی تھی جسے میڈیا میں اچھالا گیا ہے، پیپلز پارٹی تمام معاملات میں پی ڈی ایم کے ساتھ رہی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شروع سے ہی یہ موقف ہے کہ استعفے نہ دیئے جائیں۔