کابینہ میں بھارت سے تجارت پر فیصلہ آج ہوگا، شیریں مزاری

April 01, 2021


وفاقی وزیر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ آج کابینہ میں بھارت سےتجارت سمیت ای سی سی کے فیصلوں پربحث ہوگی جس کے بعد بھارت سےتجارت اور دیگرمعاملات پر فیصلہ کیاجائےگا۔

شیریں مزاری نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد ہی فیصلوں کو حکومت کی منظوری کا درجہ ملتا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے کے بعد گزشتہ روز اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے بھارت سے چینی اور کپاس کی درآمد فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال بھارت میں چینی پاکستان کے مقابلے میں 15 سے 20 فیصد سستی ہے، نجی شعبہ بھارت سے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرسکے گا، ہندوستان سے تجارت کے نتیجے میں عوام اور چھوٹی صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت سے 19 ماہ بعد پاکستان کی تجارت بحال ہونے جارہی ہے۔