پی ڈی ایم حکومت کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہوچکی ہے، حافظ حسین احمد

April 02, 2021

حافظ حسین احمد نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی ناکامی کی وجہ بتادی۔ اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے بجائے آپس میں دست و گریباں ہوچکی ہے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ دو اپوزیشن جماعتوں کے مقدمات اور مفادات کی وجہ سے موثر تحریک ناکام ہوگئی۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ استعفیٰ دے سکی اور نہ حکمرانوں سے لے سکی، ’لانگ مارچ‘ کرنے والوں نے شارٹ مارچ تک نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مفاداتی اتحاد میں نہ باہمی اعتماد کا خیال رکھا گیا نہ احترام کو اہمیت دی گئی۔