کراچی: گٹکا بیچنے والا لڑکی سے زیادتی کرتے گرفتار

April 15, 2021

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سے پولیس نے 16 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم گٹکے اور ماوے کی تیاری اور فروخت کا کام کرتا ہے۔

پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن سے 16 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کے الزام میں عمیر نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم کے خلاف سرجانی ٹاؤن تھانے میں لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

دورانِ تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ گٹکے اور ماوے کی تیاری اور فروخت کا کام کرتا ہے، سرجانی ٹاؤن کے مختلف گھروں کو گٹکے کی تیاری کے سلسلے میں استعمال کرتا ہے۔

ملزم عمیر کا اپنے گٹکے اور ماوے کی تیاری کے سلسلے میں متاثرہ لڑکی کے گھر آنا جانا تھا، ملزم عمیر نے پہلی بار متاثرہ لڑکی سے زیادتی کی تو اس نے ڈر کے مارے کسی کو نہیں بتایا۔

واقعے کے روز آدھی رات کو ملزم چوری چھپے گھر میں گھس آیا اور زبردستی لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تو لڑکی کے اہلِ خانہ جاگ گئے۔

لڑکی نے اپنے گھر والوں کو بتایا کہ ملزم اس سے قبل بھی اس سے زبردستی زیادتی کر چکا ہے، ملزم کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔