کپتان کی ٹیم ناقص، پلیسمنٹ بدلنے سے فائدہ نہیں ہوگا، سراج الحق

April 16, 2021

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو کرکٹ گراؤنڈ کی طرز پر چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

وفاقی کابینہ میں 3 سال میں چوتھی بار تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے کابینہ میں تبدیلیوں کی انوکھی گورننس متعارف کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو کرکٹ فیلڈنگ گراؤنڈ کی طرز پر چلانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اُن کی ٹیم ناقص ہے۔


سراج الحق نے مزید کہا کہ کپتان کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ پلیسمنٹ بدلنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، عوام سارے آزمودہ کھلاڑیوں کو لمبی ریسٹ پر بھیجنے کےلیے تیار ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اقتدار کے ایوانوں میں موجود لوگ ہی مسائل کی اصل وجہ ہیں،ثابت ہوگیا پی ٹی آئی حکومت مکمل ناکام ہوگئی۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ عوام کے مسائل کا حل موجودہ گھسے پٹے نظام میں موجود نہیں، اسلامی نظام میں جدید چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت ہے۔