عمران خان کی ’عینک والا جن‘ کے کرداروں کیساتھ تصویر وائرل

April 24, 2021

وزیراعظم عمران خان کی 90ء کی دہائی میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مشہور ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ کے کرداروں کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ کے تین معروف کردار موجود ہیں۔

عمران خان کے ساتھ کھڑے کرداروں میں ’زکوٹا جِن‘، ہامون جادوگر اور ’بل بتوڑی‘ شامل ہیں جنہوں نے تصویر میں اپنا وہی منفرد روپ اپنایا ہوا ہے جس سے اُنہیں ماضی میں کافی شہرت ملی۔

واضح رہے کہ90ء کی دہائی میں پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا مشہور ڈرامہ سیریل ’عینک والا جن‘ کے کرداروں سے کون واقف نہیں۔ نستور جن، زکوٹا، ہامون جادوگر اور بل بتوڑی کے کرداروں نے ذہنوں میں ان مٹ نقوش چھوڑے۔

بچے جادوگروں پر مشتمل ڈرامے کو بہت شوق سے دیکھتے تھے جو ایک طلسماتی دنیا کی عکاسی کرتا تھا۔

عینک والا جن پاکستانی تاریخ کا سب سے کامیاب ڈرامہ رہا اور اس کے کرداروں کی مقبولیت کا اندازہ یہاں سے لگالینا چاہیے کہ موجودہ ونڈر لینڈز کے بھوت بنگلوں میں آج بھی بل بتوڑی اور زکوٹا جن کی آوازوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔