مریم نواز نے تسلیم کیا کہ وہ بزدار حکومت کو نہیں گرانا چاہتے، کائرہ

May 01, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے تسلیم کیا کہ وہ بزدار حکومت کو نہیں گرانا چاہتے، اندر کی باتیں کھل کر سامنے آگئیں کہ وہ حکومت کو نہیں گرانا چاہتے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شروع کے 40 پولنگ اسٹیشن کے نتائج میں ن لیگ، اسکے بعد مسلسل پیپلز پارٹی آگے رہی، ڈسکہ ٹو کے الزامات سراسر بے بنیاد ہیں، این اے 249 کا انتخاب شفاف تھا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم ہی جیتیں گے، اس کا علاج تو کسی کے پاس نہیں ہے، اپنی شکست یاخفت کو مٹانے کی کوشش کرنا مناسب رویہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کے ساتھی ہمارے ساتھ ہوتے تو ہم عمران خان کی حکومت کا صفایا کرچکے ہوتے، قوم کو توقع اپوزیشن کی جماعتوں سے ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ اپوزیشن کو اجتماعی ذمہ داری ادا کرنا چاہیے، حکومت کو جلد از جلد گھر بھیجنا چاہئے، ن لیگ ساتھ دے تو ہماری منزل آسان ہے۔