ایف آئی اے کی مریم اورنگزیب، عطا تارڑ سمیت 12 ن لیگی رہنماؤں کیخلاف مقدمے کی درخواست

May 08, 2021

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں کے خلاف پولیس کو تحریری درخواست دے دی۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب، عطا تارڑ اور دیگر لیگی رہنماؤں کے ایف آئی اے دفتر جانے کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے ن لیگی رہنماؤں کے خلاف پولیس کو تحریری درخواست دے دی گئی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے سی سی پی او لاہور کوسینئر ن لیگی رہنماؤں کے خلاف درخواست دی۔


درخواست میں مریم اورنگزیب، عطا تارڑ، میاں مرغوب، غزالی بٹ اور 12 نامعلوم افراد کے خلاف درخواست دی گئی۔

ایف آئی اے کی درخواست میں مریم اورنگزیب سمیت دیگر پر دفتر میں زبردستی گھسنے اور تلاشی لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔

درخواست کے متن کے مطابق لیگی رہنماؤں نےایف آئی اے لاہور آفس پردھاوا بولا اور لاک ڈاؤن کے احکامات کی خلاف ورزی کی۔

درخواست میں کہا گیا کہ مسلم لیگی رہنماؤں نے دفتر میں گھس کر تلاشی لی، اس اقدام میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

ایف آئی اے کی درخواست میں کہا گیا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی اوسی) کی ہدایات کے مطابق آج دفاتر بند تھے۔