بے گناہ نمازیوں پر اسرائیلی فائرنگ شرمناک ہے، عبدالاعلیٰ درانی

May 10, 2021

بریڈفورڈ(پ ر) مولاناعبدالاعلی درانی ناظم نشرو اشاعت مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ نے کہاہے کہ مسجد اقصی کی بے حرمتی اور بے گناہ نمازیوں پر فائرنگ جہاں بہت شرمناک ہے وہاں مسلم حکمرانوں کی بے حسی زیادہ المناک ہے ۔بین الاقوامی امن کے دعویداروں کو اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لینا چاہئے،جمعہ کے دن سینکڑوں فلسطینیوں کو مسجداقصی میںجانے سے روکا گیا توان کا احتجاج کرناایک بنیادی حق تھا لیکن اسرائیلی فورسزنے مظاہرین پر فائرنگ شروع کردی اور مسجداقصیٰ میں اسلحہ اور جوتوں سمیت گھس کرنمازیوں پر حملہ کردیاجس سے 257نمازی شدیدزخمی ہوگئے ، اس کے علاوہ باب دمشقی ، شیخ جراح اور دیگر نواحی علاقوں میں بھی مظاہرین پر حملہ کیا، یہ اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ کارروائی ہے جوابھی تک جاری ہے انہوں نے کہا مسجداقصی مسلمانوں کا قبلہ اول ہے سزمین انبیاء ہے جہاں یہودیوں نے ناجائز قبضہ کیا ہواہے اور وہ آئے دن مسجداقصی کی بے حرمتی کرتے رہتے ہیں جس کا کوئی جوازنہیں ہے۔مولاناعبدالاعلیٰ نے کہا امریکی پارلیمنٹ نے بھی اس پر اظہار مذمت کیاہے لیکن یہ کافی نہیںہے، عبادتگاہوں کااحترام ایک بین الاقوامی مسلمہ قانون ہے جس کالحاظ قابضین پر بھی لازم ہے، لیکن اسرائیلی فورسزہرقانون سے اپنے آپ کو بالادست سمجھتی ہے۔ دنیا بھرکے مسلم حکمرانوں کو سنجیدگی سے اس مسئلہ کا حل تلاش کرنا ہوگا،رمضان المبارک میں اس قسم کے واقعات بہت دکھ دیتے ہیں ، مسلمان حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں ورنہ ایک دن مسجداقصی اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں کسی بڑے سانحے سے دوچار ہوسکتی ہے پھر کچھ نہیں ہوسکے گاجیسابابری مسجد کے انہدام کے بعد کچھ نہیں ہوسکا۔