خیبرپختونخوا: سیاحوں کو ہوٹلز تک محدود رہنے کی ہدایت

May 10, 2021

محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں موجود سیاحوں کو ہوٹلز تک محدود رہنے کی ہدایات دے دیں۔

صوبائی حکومت نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران خیبرپختونخوا میں موجود غیرملکی سیاح ہوٹلز تک محدود ہوں گے۔

محکمہ سیاحت کے اعلامیے میں کہا گیا کہ غیر ملکی سیاح لاک ڈاؤن کے دورانیے میں سیاحتی مقامات پر نہیں جاسکیں گے تاہم انہیں ضرورت پڑنے پر سفر کی اجازت ہوگی۔


اعلامیے کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کو ہوٹل انتظامیہ کورونا ضوابط (ایس او پیز) کے تحت سہولتیں فراہم کرے گی۔

محکمہ سیاحت کے مطابق صوبائی حکومت نے 8 تا 16 مئی تک سیاحوں پر پابندی عائد کی ہے، اس وقت خیبرپختونخوا میں 6 غیر ملکی سیاح موجود ہیں۔

اعلامیے کے مطابق غیر ملکی سیاحوں کو سفر کی اجازت دینے سے اپنے ممالک واپس جاسکیں گے، اس کے لیے غیر ملکی سیاحوں کا کورونا ٹیسٹ منفی ہونا ضروری ہوگا۔