برطانوی اپوزیشن لیڈر فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پر بول پڑے

May 11, 2021

برطانوی اپوزیشن لیڈر کیئر اسٹارمر بھی فلسطینی مسلمانوں پر ٹوٹے جانے والے اسرائیلی مظالم پر بول پڑے۔

ایک بیان میں برطانوی اپوزیشن لیڈر کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ مسجدِ اقصیٰ میں عبادت کے دوران اسرائیلی فورسز کا حملہ افسوس ناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا ہو گی۔

برطانوی اپوزیشن لیڈر کیئر اسٹارمر نے زور دیا کہ اسرائیل فلسطینی رہنماؤں سے بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے اسرائیلی بربریت میں اضافہ ہوا ہے، اس دوران اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر دیا، اسرائیلی فورسز کے اہلکار جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہو گئے۔

مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز میں مسلسل جھڑپیں جاری ہیں۔

گزشتہ روز غزہ پر اسرائیل کی فوج نے وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت 20 فلسطینی شہید ہو گئے۔