حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

May 17, 2021

وفاقی حکومت آئندہ 15 دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ نے اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا ہے جبکہ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی بیان دیا ہے۔

فرخ حبیب نے کہاکہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کو اس فیصلے کی صورت میں 2 ارب 77 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔


وزیر مملکت نے مزید کہا کہ اوگرا نےحکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی تھی۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ اوگرا نے پٹرول پر 1 روپیہ 90 پیسے، ڈیزل پر 3 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے نہ کرنے کے حکومتی فیصلے سے قومی خزانے کو 2 ارب 77 کروڑ روپے کا اضافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

دوسری طرف وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 15 دن تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت 108 روپے 56 پیسے پر برقرار رہے گی۔

ڈیزل 110 روپے 76 پیسے، مٹی کا تیل 800 روپے، لائٹ ڈیزل 77 روپے 65 پیسے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار رہے گا۔