رات 8 بجے گھر سے نکلنے پر پابندی سے صحافیوں کو استثنیٰ دینے کا مطالبہ

May 24, 2021

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے کی پابندی سے صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو استثنیٰ دینے کا اعلان کرے۔

کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی اور مجلس عاملہ کے اراکین نے ایک بیان میں کہا کہ صحافی اور دیگر میڈیا ورکرز عموماً رات گئے دفاتر سے گھروں کو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ٹیمیں بھی کوریج کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں جاتی ہیں ۔ تاہم پابندی سے میڈیا ورکرز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

کے یو جے نے آئی جی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کراچی پولیس کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کریں۔