بلاول بھٹو کی کینیڈا میں مسلمان خاندان کے قتل کی مذمت

June 08, 2021

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کینیڈا کے صوبے اونٹاریو کے شہر لندن میں اسلاموفوبیا کے تحت ہونے والے جان لیوا حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ماں، بیٹا، بہو اور بیٹی سمیت چار افراد پر مشتمل تین نسلوں کو انتہاپسندی کے نظریے کے تحت موت کے حوالے کردینا ایک افسوس ناک سانحہ ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کے سلمان افضل اور ان کی ضعیف والدہ، مدیحہ سلمان اور یمنیٰ سلمان کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور حادثے میں زخمی ہونے والے کم سن فائز سلمان کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔

انھوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے شکار نیتھانیئل ویلٹ مین نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلم خاندان کو ٹرک سے کچل کر موت کے حوالے کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کینڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا اسلاموفوبیا کے شکار افراد کے خلاف پیغام حوصلہ افزا ہے تاہم انھوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو حملے کے مرتکب فرد کو دہشت گرد قرار دینا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کی وجہ سے لاہور کے ایک خاندان کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نشانہ بنانے والے دہشت گرد کے نظریے کا تدارک کرنا کینڈین حکومت کیلئے ایک امتحان ہے۔ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کو قابو کرنے کے لئے اقوام عالم کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔