سینیٹ: اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کی بجٹ پر بحث

June 14, 2021

سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے حکومت سے جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق اپنا وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کردیا۔

سینیٹ اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران یوسف رضا گیلانی نے اپنے دور حکومت کے اقدامات گنوادیے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں خیبر پختونخوا کو شناخت دی، ان کو ان کا نام دیا، گلگت بلتستان کو با اختیار بنانے کیلئے منتخب نمائندوں کے ذریعے حکومت دی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ہم نے جنوبی پنجاب کا نام لیا تھا، ہمیں کہا گیا آپ مخلص نہیں تھے۔

اُن کا کہنا تھاکہ ہم نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے متعلق پنجاب اسمبلی اور قومی اسمبلی سے قرارداد منظور کروائی۔

یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ اگر میری دو تہائی اکثریت ہوتی تو جنوبی پنجاب کا صوبہ بن چکا ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے جنوبی پنجاب صوبے کا مطالبہ کیا تھا، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کا نہیں۔

سینیٹ میں خطاب کے دوران اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب محاذ کو کہا تھا کہ صوبہ بنائیں گے، حکومت اس حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرے۔

اُن کا کہنا تھاکہ سرکاری ملازمین کے دھرنے پر آنسو گیس گنز کی ٹیسٹنگ کی، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ہم نے ہزاروں کی تعداد میں سرکاری ملازمین کو بحال کیا۔

انہوں نے کہاکہ مجھ پر بطور اسپیکر قومی اسمبلی الزام تھا کہ میں نے نوکریاں دیں، میں نے کہا تھا کہ اگر نوکری دینا جرم ہے تو یہ جرم بار بار کروں گا۔