بھارت، ہندو لڑکےکی مسلم لڑکی سے نکاح کی کوشش،عربی کے غلط تلفظ کی وجہ سے پکڑا گیا

June 15, 2021

نئی دہلی(جنگ ڈیسک)بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع مہاراج گنج میں واقع کولہوئی تھانہ حلقہ میں ایک حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا جہاں ایک ہندو نوجوان مسلم لڑکی سے نکاح کر رہا تھا، اور لڑکی کے گھر والے سمجھ رہے تھے کہ لڑکا مسلم ہے۔

اتوار کو نکاح کے دوران اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب نکاح پڑھانے والے مولانا کو شک ہوا اور انھوں نے جب تحقیق کی تو پتہ چلا کہ دولہا مسلم نہیں بلکہ ہندو ہے۔

تفصیلات کے مطابق جب مولانا صاحب نکاح پڑھا رہے تھے تو دولہا کو عربی تلفظ کی ادائیگی میں کافی پریشانی ہو رہی تھی۔ وہ ٹھیک طرح سے عربی کلمات کا تلفظ ادا نہیں کر پا رہا تھا اور اٹک اٹک کر پڑھ رہا تھا۔

اس عمل سے مولانا کے ساتھ ساتھ وہاں موجود کچھ لوگوں کو بھی شبہ ہوا۔ جب اس لڑکے کی تلاشی لی گئی تو جیب سے ایک پین کارڈ نکلا جس میں تصویر تو دولہے کی ہی تھی لیکن اس کا نام غیر مسلموں سے مشابہ تھا۔

یہ راز کھلتے ہی وہاں موجود لوگوں نے دولہے کی پٹائی شروع کر دی۔ دولہے کے ساتھ اس کے باراتی دوستوں کو بھی لوگوں نے پکڑ لیا اور سبھی کو پولیس کے حوالے کر دیا۔