سندھ، ٹریفک حادثات میں سالانہ 3 ہزار افراد جاں بحق ہوتے ہیں، ورکشاپ

June 20, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس علی شیر جکھرانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں پورے ملک میں سالانہ 5 ہزار افراد مارے جاتے ہیں، لیکن ٹریفک حادثات میں 30 ہزار سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، صوبہ سندھ میں ٹریفک حادثات میں مرنے والوں کی تعداد قریباً 3ہزار ہے، زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے،وہ ہفتے کو یہاں کراچی پریس کلب میں موٹروے پولیس کے اشتراک سے ورک شاپ سے خطاب کررہے تھے، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس سائوتھ زون نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ تیز رفتار ڈرائیونگ ہے، انہوں نے تلقین کی کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں، اس موقع پر ورک شاپ کے شرکاء میں ہیلمٹ تقسیم کئے گئے اور روڈ بلائنڈ اسپاٹ کا دھیان رکھنے سے متعلق آگاہی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں، جب کہ پریس کلب کے احاطے میں ڈرون ٹیکنالوجی اور ہائیڈرولک کٹر کا ڈیمو بھی کیا گیا۔