شہر میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیں گے، بریگیڈئر فیصل نواز

June 22, 2021

کراچی باسکٹ بال کے صدر غلام محمد خان بریگیڈئر فیصل نواز کو شیلڈ دیتے ہوئے

پاکستان رینجرز عبداللہ شاہ غازی کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر فیصل نواز نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان رینجرز شہر قائد میں قیام امن کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے قانونی مشیر غلام عباس جمال ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔سوئی سدرن گیس کمپنی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک گول سے شکست دے کر نیا رمضان فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ کھیل کے 82 ویں منٹ میں عبدالوحید نے گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو مقررہ وقت تک برقرار رہی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی ٹیم کے سباق کپتان فلائینگ ہارس سمیع اللہ خان ، اعزازی مہمان مینجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن گیس کمپنی عمران منیار، ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلی چیف ایگزیکٹیو آفیسر نیا ناظم آباد صمد حبیب، صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹرناصر اسماعیل اور دیگر نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم کو ایک لاکھ روپے اوررنرز اپ کو پچھتر ہزار روپے دیے گئے۔ محمد ذین کو فائنل کا مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

قومی ہاکی ٹیم کے کوچ سمیر حسین کورونا ویکسین لگواتے ہوئے

عبدالوحید ٹاپ اسکورر قرار پائے۔ خیبر مسلم کی ٹیم نے فیئر پلے ٹرافی حاصل کی ۔ محمد یوسف نے ایونٹ کے بہترین ریفری کا انعام جیتا۔ مہمان خصوصی سمیع اللہ نے کہا کہ نیاناظم آباد میں کھیلوں کی سہولیات دیکھ کر انہیں بے انتہا خوشی ہوئی ۔ اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر سید محفوظ الحق، امتیاز شیخ، انٹرنیشنل ہاکی پلیئر مبشر مختار، منیجر اسپورٹس محمد آصف سمیت شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔الصغیر ہاکی کلب کے وفد نے ڈائریکٹر پارک ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن، سینٹرل ندیم حنیف سے ملاقات کی، وفد کی ملاقات انکے آفس میں ہوئی پانچ رکنی وفد کی سربراہی الصغیر ہاکی کلب کے سیکریٹری عظمت پاشا نے کی جبکہ جنید اسلم، عامر صدیقی اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر وفد نے نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے میں واقع ہاکی اسٹیڈیم میں گراس لگانے اور پانی کی فراہمی کی حوالے سے درخواست جمع کرائی۔حال ہی میں متعارف ہونیوالا ٹیک بال کا کھیل ملکی کھیلوں میں ایک خوشگوار اضافہ ہے تقریبا سو سے زائد ملکوں میں کھیلا جانے والا ٹیک بال کا کھیل پاکستان میں بھی مقبولیت حاصل کررہا ہے خیبرپختونخواہ کے بعد کراچی میں بھی ٹیک بال کے کھیل کا باقائدہ آغاز ہوگیا۔

قومی ہاکی ٹیم کےسابق کپتان سمیع اللہ اورٹیک بال کی افتتاحی تقریب مین ایس او اے کے سنیئر نائب صدر سید محفوظ الحق کے ساتھ لی گئی تصویر

الفا ایجوکیشن نیٹ ورک کے تعاون سے ہونے والی رنگا رنگ لانچنگ تقریب کے مہمان خصوصی سابق ہاکی اولمپئن سمع اللہ تھے ان کے علاوہ ٹیک بال فیڈریشن کے صدر ابصار عالم ، ایس او اے کے نائب صدر سید محفوظ الحق، الفا ایجوکیشن نیٹ ورک کے ڈائریکٹر کاشان اقبال، سلمان مصطفی، زرک مشتاق اور عمر الطاف اور دیگر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ ٹیک بال کا آغاز پہلی بار یورپ کے ملک ہنگری سے نو سال قبل ہوا تھا دیکھتے ہی دیکھتے ٹیک بال کے کھیل نے پوری دنیا کو اپنی لیپیٹ میں لے لیا ہے کھیلوں کی دنیا میں ٹیک بال کا کھیل ایک نیا اضافہ ہے 2017 میں فرانس میں ٹیک بال کا عالمی کپ بھی ہوچکا ہے جیسے رومانیہ نے اپنے نام کیا تھا۔

نیا ناظم آباد فٹبال کے اختتام پر مہمان خصوصی سمیع اللہ ٹرافی دیتے ہوئے

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جونیئرعالمی کپ اور جونیئر ایشیاء کپ کی تیاری کے لئے قومی جونیئر ہاکی کیمپ کے آغاز سے قبل کیمپ میں شریک تمام 27 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے ، کھلاڑیوں پر باہر سے کھانے پینے پر پابندی ہوگی ،جبکہ میڈیا کو بھی اس دوران کیمپ کی کوریج اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی اجازت نہیں ہوگی، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن ایشن نے اگلے سائوتھ ایشن گیمز کے حوالے سے سائوتھ ایشن گیمز کے حکام کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا جس کےتحت مقابلے مارچ2023میں ہوں گے، پاکستان نے ان مقابلوں کو لاہور ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جبکہ کچھ ایونٹ اسلام آباد اور پشاور میں کرائے جائیں گے۔