بینکنگ کورٹ کا شہباز اور حمزہ کوضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم

June 22, 2021

لاہور کی بینکنگ کورٹ نے عبوری ضمانتوں کے کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو ضمانتی مچلکےجمع کرانے کا حکم دے دیا۔

بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج سید علی عباس نے فیصلہ جاری کیا۔

بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز 3 روز میں 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مچلکے جمع نہ کروائے تو ضمانتیں غیر مؤثر تصور ہوں گی، مچلکے جمع نہ کرانے پر ایف آئی اے کو گرفتاری کا حق ہو گا۔

بینکنگ کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان شاملِ تفتیش ہوں گے اور ایف آئی اے جب بھی بلائے تو پیش ہوں گے، ملزمان ہر پیشی پر عدالت میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔

فیصلے میں عدالت کا کہنا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز معصوم ہیں، دونوں ملزمان کی 10 جولائی تک ضمانتیں منظور کی جاتی ہیں۔

بینکنگ کورٹ نے حکم دیا کہ ایف آئی اے حکام آئندہ سماعت پر مقدمے کا تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کریں۔