پانی و بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاج، کئی علاقوں میں ٹریفک جام

June 25, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں پانی و بجلی کی بندش پر شہریوں کے احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہو گیا،تفصیلات کے مطابق حب ریور روڈ رئیس گوٹھ پر بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے دوسرے روز بھی احتجا ج کیا،مظاہرین نے روڈ کو ٹریفک کے لیئے بند کر دیا جسکے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی روز سے بجلی بند ہے اور جب تک بجلی بحال نہیں ہو جاتی انکا احتجاج جاری رہے گا،روڈ بند ہونے سے کئی کلومیٹر تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں،دوسری جانب دہلی کالونی کے مکینوں نے پانی کی بندش کے خلاف بوٹ بیسن پر احتجاج کیا جسکے باعث ٹریفک جام ہو گیا،پولیس نے بوٹ بیسن سے پنجاب چورنگی آنے والے ٹریک کو ٹریفک کے لئے بند کردیا ،جبکہ دوسرے ٹریک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، ٹریفک پولیس کے مطابق بوٹ بیسن سے سب میرین آنے والے ٹریفک کو لیفٹ ٹرن کرکے تین تلوار بھیجا گیاجبکہ ضیاالدین احمد روڈ اور کینٹ سے آنے والی ٹریفک کو للی اور ریس کورس سے رائٹ ٹرن کرکے تین تلوارکی جانب موڑا گیا، مظاہرین کے احتجاج ختم کر نے پر ٹریفک کی روانی بحال ہوئی۔