دلیپ کمار کا انتقال بالی ووڈ کیلئے بہت بڑا نقصان ہے: نریندر مودی

July 07, 2021


بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال کی خبر پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہدلیپ کمار کا انتقال بالی ووڈ کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں نریندر مودی نے کہا کہ ’دلیپ کمار جی کو سینما کی علامات کے طور پر یاد کیا جائے گا۔‘

نریندر مودی نے کہا کہ ’دلیپ کمار کو اپنے کام اور صلاحیتوں کی وجہ سے ایک خاص مقام حاصل تھا اور اُنہوں نے اپنی منفرد اداکاری سے نسل در نسل سامعین کے دل جیتے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’دلیپ کمار کا انتقال ہماری ثقافتی دنیا کے لیے ایک بت بڑا نقصان ہے۔‘

آخر میں نریندر مودی نے دلیپ کمار کے انتقال پر اُن کے اہلخانہ، دوستوں اور اَن گنت مداحوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔

دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔