سینئر وکیل پر کتوں کا حملہ، فریقین میں صلح ہوگئی

July 09, 2021


کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سینئر وکیل پر پالتو کتوں کے حملے کے کیس میں زخمی ہونے والے وکیل مرزا اختر علی اور کتوں کے مالک کے درمیان صلح نامہ طے پا گیا، صلح نامے کے مطابق کتوں کے ملک این جی او کو 10 لاکھ روپے ڈونیشن دیں گے۔

صلح نامے میں طے پایا ہے کہ کتوں کے مالک ہمایوں زخمی وکیل مرزا اختر علی سے غیر مشروط معافی مانگیں گے اور وہ آئندہ کسی خطرناک جانور کو بطور پالتو جانور نہیں رکھیں گے ۔

صلح نامے میںتحریر ہے کہ ہمایوں خان اگر کوئی کتا رکھیں گے تو اس کو کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر میں رجسٹرڈ کرائیں گےاور کتوں کو ٹرینر کی نگرانی میں حفاظتی انتظام کے ساتھ باہر لے کر جائیں گے ۔

صلح نامہ کی ایک شرط کے مطابق جن کتوں نے مرزا اختر پر حملہ کیا تھا انہیں کسی تکلیف کے بغیر فوری مارا جائے۔

اس کے علاوہ کتوں کے مالک عائشہ چندریگر فاونڈیشن کو 10 لاکھ روپے ڈونیشن دیں گے۔