• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر وکیل پر پالتو کتوں کا حملہ، کراچی بار کی مذمتی قرارداد منظور

سینئر وکیل مرزا اختر پر پالتو کتوں کے حملے کے خلاف کراچی بار ایسوسی ایشن نے مذمتی قرارداد منظور کرلی، کراچی بار نے سندھ حکومت سے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی بار ایسوسی ایشن کی مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 16 جون کو ڈیفنس کے علاقے میں دو پالتو کتوں نے سینئر وکیل مرزا اختر پر حملہ کر دیا، زخمی وکیل سڑک پر پڑے رہے نہ تو کتوں کے مالک نے مدد کی نہ ہی کسی اورنے، ماضی میں بھی یہ کتے اسی طرح کسی اور پر بھی حملہ کرچکے ہیں ۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی کتے کے کاٹنے کے واقعات بڑھ رہے ہیں، کراچی بار کا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کرے ۔

واضح رہے کہ واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج ہے، جبکہ کتوں کے مالک نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر رکھی ہے۔

تازہ ترین