کراچی: کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے 35 کیسز کی تصدیق

July 13, 2021

محکمہ صحت سندھ نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے 35 کیسز کی تصدیق کر دی۔

سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق اب تک ڈیلٹا ویرینٹ کے 35 کیسز کراچی میں سامنے آ چکے ہیں، ڈیلٹا ویرینٹ سے متاثرہ افراد میں وائرس کی شدید علامات سامنے آئی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ لیاری میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ڈیلٹا وائرس سے متاثر پائے گئے، ڈیلٹا ویرینٹ کے ان تمام متاثرہ افراد کا علاج جاری ہے۔

سندھ کے محکمہ صحت نے یہ بھی بتایا ہے کہ شہرِ قائد کراچی میں رواں ماہ کورونا وائرس کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے 18 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر اپیل کی ہے کہ عوام اپنی نقل و حرکت محدود کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

وزیرِ صحت سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال ضرور کریں، ڈیلٹا ویرینٹ کے پڑوسی ملک بھارت میں ہونے والے اثرات ہمارے سامنے ہیں۔