کراچی: ریڈ بک میں شامل کالعدم لشکرِ جھنگوی کا دہشتگرد گرفتار

July 16, 2021

کراچی میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سی ٹی ڈی ریڈ بک میں شامل کالعدم لشکرِ جھنگوی کا دہشت گرد گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کا بتانا ہے کہ گرفتار دہشت گرد احمد علی عرف ٹی ٹی کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کیئے گئے۔

ملزم جیل میں موجود کالعدم تنظیم کے قیدی دہشت گرد قاسم رشید کا قریبی ساتھی ہے۔

گرفتار دہشت گرد نے 2010ء میں ساتھی کے ہمراہ راول پنڈی میں تاجر سے 10 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا تھا۔

ملزم احمد علی عرف ٹی ٹی نے 2011ء میں نمائش چورنگی پر فائرنگ کر کے 4 افراد کو قتل کیا تھا۔

گرفتار دہشت گرد نے 2011ء میں ایم کیو ایم یونٹ 174 کے کارکن موسیٰ کو قتل کیا تھا۔

ملزم 2011ء ہی میں شاہراہِ نور جہاں کی حدود میں شراب خانے پر فائرنگ میں بھی ملوث ہے۔

ملزم جیل سے رہائی پانے والے دہشت گردوں کے ساتھ مل کر اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کر رہا تھا کہ گرفتار کر لیا گیا۔

گرفتار ملزم احمد علی عرف ٹی ٹی سے اس کے جرائم اور ساتھیوں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔