نائلہ جعفری کراچی کے ملٹری قبرستان میں سپردِ خاک

July 17, 2021

معروف اداکارہ نائلہ جعفری کو کراچی کے ملٹری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نائلہ جعفری گزشتہ چھ برس سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھیں۔

اداکارہ نائلہ جعفری کی نمازِ جنازہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں قائم مسجد طوبیٰ میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں ملٹری قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

نائلہ جعفری کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں، کینسر کے بعد ان کی ایک کیموتھراپی ہوئی لیکن بدن میں انفیکشن کے باعث دوسری کیموتھراپی نہ ہوسکی۔

نائلہ جعفری کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے وہ 2016 سے کینسر کے مہلک مرض میں مبتلہ تھیں۔

نائلہ جعفری نے کیریئر کی ابتدا ریڈیو سے کی، 1990 کی دہائی میں ٹی وی پر اداکاری کا آغاز کیا۔

ان کے مشہور ڈراموں میں تھوڑی سی خوشیاں، اک کسک رہ گئی، تیرا میرا رشتہ شامل ہیں۔

انھوں نے اشفاق احمد کے ڈرامے "ایک محبت سو افسانے" میں بھی کام کیا، نائلہ جعفری فیشن ڈیزائینر بھی تھیں۔