نیدرلینڈ کی عدالت میں قتل کی سازش کے الزام میں ملوث پاکستانی شخص کی پیشی

July 20, 2021

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) نیدرلینڈ کی عدالت میں قتل کی سازش کے الزام میں ملوث پاکستانی شخص کو پیش کردیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت 29 اکتوبر مقرر جب کہ ٹرائل کا آغاز 4 جنوری یا 11 جنوری کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق، لندن کے کرمنل کورٹ اولڈ بیلی میں ایک 31 سالہ پاکستانی کو ویڈیو لنک کے ذریعے ایک مقدمے کی سماعت میں پیش کیا گیا جس میں ان پر نیدرلینڈز میں رہائش پذیر ایک پاکستانی بلاگر کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔برطانیہ کے کراؤن پراسکیوشن سروس (سی پی ایس) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق محمد گوہر خان پر 28 جون کو فرد جرم عائد کی گئی تھی کہ انھوں نے ʼچند نامعلوم لوگوںʼ کے ہمراہ 16 فروری اور 24 جون کے درمیان نیدرلینڈز میں جلا وطنی کی زندگی گزارنے والے پاکستانی بلاگر احمد وقاص گورایہ کو قتل کرنے کی سازش کی تھی۔سی پی ایس نے جسٹس سوینی کو بتایا کہ محمد گوہر خان پر مبینہ طور پر نیدرلینڈ میں مقیم ایک پاکستانی شہری کے قتل کی سازش کا الزام ہے۔ جسٹس سوینی کا کہنا تھا کہ مقدمے کی سماعت کنگسٹن کرائون کورٹ میں ہوگی۔ جب کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا تھا کہ یہ کیس قتل کا ہے، دہشت گردی کا نہیں ہے، جب کہ عدالت میں اسے دہشت گردی کے کیس کی فہرست میں رکھا ہوا ہے۔ کیس کی سماعت 29 اکتوبر مقرر کی گئی ہے جب کہ ٹرائل کا آغاز 4 جنوری یا 11 جنوری کو ہوگا۔ کمپنیز ہائوس کے ریکارڈ کے مطابق، گوہر خان مختلف کمپنیوں کے ساتھ منسلک رہے ہیں۔ عدالت کے ریکارڈ کے مطابق، 19 اگست، 2020 کو دیوالیہ پن کی پٹیشن دائر کی گئی تھی اور 2 فروری، 2021 کو برطانیہ کے ہائی کورٹ آف جسٹس نے اسے دیوالیہ قرار دے دیا تھا۔