2006 سے2021، آزاد کشمیر میں کب کس پارٹی کی حکومت؟

July 26, 2021

کراچی( نیوزڈیسک) کیا مرکزی حکومت میں موجود سیاسی جماعت ہی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی اوراسی جماعت کا وزیر اعظم منتخب کیا جاتا رہا ہے ؟

اس حوالے سے ایک مختصر جائزہ کے مطابق 2018میں مرکز میں پاکستان تحریک انصاف نے حکومت قائم کی اور اب 2021 میں ہونیوالے آزاد کشمیر انتخابات میں بھی پاکستان تحریک انصاف ہی حکومت بناتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

اسی طرح 2013سے 2018تک مرکز میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت رہی اور21 جولائی 2016 کو ہونیوالے آزاد کشمیر انتخابات میں ن لیگ کامیاب قرار پائی اور 2016 سے 2021 تک راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم رہے۔

مرکز میں 2008سے 2013 تک پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت رہی، آزاد کشمیر میں 26 جون 2011کو ہونیوالے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے میدان مارا ،جولائی 2011 سے جولائی 2016 تک پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری عبدالماجد بطور وزیر اعظم آزاد کشمیر خدمات انجام دیتے رہے۔

مرکز میں 2002سے 2008تک پاکستان مسلم لیگ (ق) کی حکومت رہی اور11جولائی 2006 کو ہونیوالے آزاد کشمیر انتخابات میں آل جموں اینڈ کشمیر مسلم کانفرنس فاتح قرار پائی جس کے بعد آل جموں اینڈ کشمیر مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان جولائی 2006 سے جنوری 2009 تک وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز رہے۔

بعد ازاں جنوری 2009 سےاکتوبر 2009 تک پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار محمد یعقوب خان وزیر اعظم رہے، اکتوبر 2009 سے جولائی 2010تک پاکستان مسلم لیگ ن کےراجہ فاروق حیدر وزارت عظمیٰ آزاد کشمیر کے عہدے پر فائز رہے، جولائی 2010 سے جولائی2011تک آل جموں اینڈ کشمیر مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان وزیراعظم آزاد کشمیر رہے۔