گریٹر مانچسٹر پولیس خاتون کی وجہ موت جاننے کیلئے سرگرم

July 29, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) بری ٹائون کی ایسٹ اسٹریٹ میں آگ سے جھلس کر ہلاک ہونے والی 31 سالہ خاتون کی موت کی وجہ جاننے کیلئے گریٹر مانچسٹر پولیس سرگرم عمل ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عورت جب گھر سے باہر نکلی تو وہ شعلوں کی لپیٹ میں تھی اور مدد کیلئے چلارہی تھی۔ ہمسایوں اور بعد ازاں فائر بریگیڈ نے اسے بچانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی ۔ پولیس نے قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور اب تک 34,24, 26 سال کے تین افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوران تفتیش پولیس کے علم میں آیا ہے کہ جب لوگوں نے متاثرہ عورت کو گھر سے باہر چیختے دیکھا تو وہ سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہی تھی اور اس کے جسم کا کوئی حصہ ایسا نہ تھا جہاں آگ نہ لگی ہو، لوگوں نے سرہانوں اورفوم کی مدد سے متاثرہ عورت کی مدد کی کوشش کی لیکن کچھ بھی کام نہ آسکا، محلے داروں کا کہنا ہے کہ لڑکی کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی، ایسٹ اسٹریٹ بری میں گھر گھر جاکر تفتیش کرنے والے ڈپٹی پولیس انسپکٹر ڈانئیل کلیگ کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جس میں ایک عورت کی المناک موت ہوگئی، میں عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ ہے اور ہم نے اس موت کے بعد علاقے میں ایمرجنسی سروسز کو متحرک کر دیا ہے جب کہ ہم سرگرمی سے اس کیس کی وجوہات اورواقعہ کے اصل مجرموں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص اس واقعہ کے بارے میں کوئی معلومات رکھتا ہے تو سامنے آ کر ہماری مدد کرے۔