شہر میں تجاوزات پر قابو نہ پایا جاسکا، فٹ پاتھ پر بھی قبضے

July 29, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میں تجاوزات اور بلانقشہ وخلاف نقشہ رہائشی اور کمرشل تعمیرات نے باقاعدہ منافع بخش کاروبار کی شکل اختیار کر لی ہے۔ میٹرو پولٹین کارپوریشن میں دہائیوں سے مخصوص عہدوں پر تعینات بعض مخصوص افسران کی سرپرستی کے باعث پورا شہر غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات سے اٹا پڑا ہے۔ ان مخصوص لوگوں کو ہر دور حکومت میں مقامی سیاسی قیادت کی بھرپور حمایت وسرپرستی رہی ہے یہی وجہ ہے کہ سکینڈل سامنے آنے اور ڈویژن بھر میں تحریری طور پر بدعنوانی میں سرفہرست ٹہرائے جانے کے باوجود یہ لوگ تبادلے کے ایک ہفتے یا مہینے بعد دوبارہ اپنی سیٹ پر آجاتے ہیں جس کی وجوہات ڈھکی چھپی نہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے انتخابات سے قبل ایسے لوگوں کو نشان عبرت بنانے اور میرٹ کا بول بالا کرنے کے بڑے بڑے دعوے کر کے عوام کا اعتماد حاصل کیا تھا مگر آج عملاً سب کچھ اس کے برعکس بلکہ بدتر ہے۔ آج راولپنڈی شہر میں تجاوزات فٹ پاتھ سے بڑھ کر سڑکوں پر آچکی ہیں، بلانقشہ اور خلاف رہائشی وکمرشل تعمیرات عروج پر ہیں، شہر کے تمام چھوٹے بڑے نالوں پر قبضے ہوتے جا رہے ہیں، رہائشی علاقوں میں بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں نے زندگی مشکل بنا دی ہے اور اب ان برائیوں کی سرپرستی کرنے والے کہہ رہے ہیں کہ ہم ڈرون کیمروں کی مدد سے تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کرنے والوں کی نشاندھی کرکے اس کی روک تھام یقینی بنائیں گے ۔ ایسے افراد کو تو کارپوریشن دفتر سے چند سو گز دور 100فٹ چوڑہ باڑہ بازار، اقبال روڈ، جامع مسجد روڈ، نرنکاری بازار، نمک منڈی، گنج منڈی، ٹرنک بازار، اردو بازار، پراناقلعہ، بھابڑا بازار، موچی بازار، سپورٹس گلی، سبزی منڈی اور ارد گرد کے دیگر کئی علاقے جہاں تجاوزات کے باعث دن کے وقت پیدل چلنا بھی ممکن نہیں ہوتا دکھائی نہیں دیتے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں فٹ پاتھ اور سڑکوں پر ہونے والی تجاوزات کو دیکھنے کیلئے کسی ڈرون کیمرے کی ضرورت نہیں صرف روزانہ اور ماہانہ کی قربانی دینا ہوگی۔