لونگ کے کرشماتی فوائد

July 31, 2021

لونگ Syzygium Aromaticum درخت کے خشک پھولوں کی کلی ہوتی ہے۔ کئی سالوں سے لونگ بڑے پیمانے پر ناصرف مسالہ کے طور پر بلکہ بہت سی بیماریوں کے لیے دوا کے طور پر استعمال ہوتی رہی ہے، یہ روایتی طور پر دانتوں کی خرابی، ہاضمے کے مسائل اور سانس کی بدبو کے خاتمے کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔

لونگ، بریانی، دال، سوپ اور چائے وغیرہ میں خوشبو کے طور پر استعمال کی جاتی ہے، اس میں متعدد ضروری وٹامنز، معدنیات اور غذائی ریشے شامل ہوتے ہیں اور اس میں کیلوریز کی مقدار کم ہوتی ہے۔

لونگ میں طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم سے نقصان دہ فری ریڈیکلز کو ختم کرتے ہیں۔ اس سے کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے اور قوت مدافعت مضبوط ہوتی ہے۔

آئیے لونگ کے صحت سے متعلق دیگر حیرت انگیز فوائد جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

لونگ کے فوائد:

نظامِ ہاضمہ کو بہتر کرتی ہے:

لونگ ہمارے نظامِ ہاضمہ کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد کرتی ہے، لونگ سینے کی جلن، تیزابیت، بدہضمی اور متلی کو دور کرنے کے لیے بھی استعمال ہوتی ہے۔

ذیابیطس کو کنٹرول کرتی ہے:

لونگ ان لوگوں کے لیے بہترین ہے جن کا بلڈ شوگر لیول زیادہ ہے۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ لونگ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتی ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو منظم کرتی ہے۔

ہڈیوں اور جوڑوں کیلئے مفید:

لونگ ہائیڈرو الکوحل مرکبات جیسے یوجینول اور فلاوونائڈز سے بھرپور ہوتی ہیں جو ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ کمزور ہڈیوں اور آسٹیوپوروسس والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ باقاعدگی سے لونگ کو اپنی غذا میں شامل کریں۔

قوتِ مدافعت مضبوط کرتی ہے:

لونگ نقصان دہ بیکٹیریا، فنگس اور وائرس کے خلاف لڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ لونگ کی اینٹی وائرل اور خون صاف کرنے کی صلاحیت خون کو صاف کرتی ہے اور سفید خون کے خلیوں کو متحرک کرکے بیماریوں کے خلاف مزاحمت میں اضافہ کرتی ہے۔

دانت کے درد کو دور کرتی ہے:

لونگ کا تیل جراثیم کش خصوصیات کی وجہ سے دانتوں کے درد، مسوڑھوں اور منہ کے چھالوں کا موثر علاج ہے۔