چینی شہری غنودگی میں دانتوں کی صفائی کے دوران ٹوتھ برش نگل گیا

August 04, 2021

ایک چینی شہری کو اس وقت مشکل کا سامنا کرنا پڑگیا جب اس نے صبح جاگنے کے بعد غنودگی کی کیفیت میں دانتوں کی صفائی کے دوران ٹوتھ برش نگل لیا۔

جس کے باعث اسے ایک پیچیدہ قسم کے گیسٹرو اسکوپک آپریشن سے گزرنا پڑا، تاکہ اس کے پیٹ میں موجود اس 15 سینٹی میٹر کے ٹوتھ برش کو نکالا جاسکے۔

مذکورہ بالا شخص کا تعلق چین کے صوبے جیانگسو کے علاقے تائژو سے ہے۔ اسکے مطابق دس روز قبل جب وہ صبح جاگا تو اپنی روزمرہ کے معمول کے مطابق وہ ناشتے سے قبل دانتوں کی صفائی کے لیے گیا جہاں اس نے غنودگی کی سی کیفیت میں غلطی سے برش کو نگل لیا۔

غلطی کا احساس اور تکلیف کے باعث اس نے برش کو نکالنے کی ناکام کوشش کی۔ جس کے بعد وہ فوری طور پر مقامی اسپتال گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایکسرے اسکین کے ذریعے برش کا پتہ لگانے کے بعد اسکا فوری طور پر گیسٹرو اسکوپک آپریشن کرکے برش کو نکال لیا۔

اس موقع پر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اس شخص کا اسپتال آنے کا فیصلہ بالکل درست تھا کیونکہ اگر یہ چاول یا کچھ اور کھا کر اسکو روایتی انداز میں نکالنے کی کوشش کرتا تو اس سے اس کی غذا کی نالی کو نقصان پہنچ سکتا تھا۔