اسپیکر کا استحقاق ہے کس کو داخلے کی اجازت دیں کس کو نہ دیں، فردوس عاشق اعوان

August 09, 2021


ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی آنے پر سیکیورٹی اسٹاف نے روک لیا، جس پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسپیکر کا استحقاق ہے کس کو داخلے کی اجازت دیں کس کو نہ دیں، گھر کی باتیں گھر میں بیٹھ کر طے کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کو اسمبلی عمارت کے اندر جانے نہیں دیا، وہ احسن سلیم بریار کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لئے آئی تھیں۔

فردوس عاشق اعوان کا نام مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بغلیں بجانے والے سن لیں وہ ن لیگ کے سینے پر مونگ دلتی رہیں گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسمبلی لسٹ میں میرا نام موجود ہے مگر اسے کاٹ دیا گیا، کس نے میرا نام لسٹ میں سے کاٹا مجھے معلوم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسن بریار کی تقریب حلف برداری میں شرکت کےلیے آئی تھی، میں اپنے زور بازو پر جاتی ہوں کسی کی سفارش پر نہیں۔