سعودیہ کی کابل ایئرپورٹ پر حملے کی مذمت

August 27, 2021

سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردوں کے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئر پورٹ پر گزشتہ روز کیئے گئے حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

سعودی عرب نے کابل دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے اظہارِہمدردی بھی کیا ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کا کابل ایئر پورٹ پر ہوئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سعودی عرب افغانستان میں ہونے والے واقعات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے جاری کیئے گئے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ افغانستان میں جلد از جلد استحکام کے خواہش مند ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے 3 دھماکوں میں بچوں سمیت 90 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں 13 امریکی بھی شامل ہیں، جبکہ 140 افراد زخمی ہوئے ہیں۔