محکمہ بورڈز و جامعات او پی ایس اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسران کو ہٹانے میں ناکام

September 16, 2021

کراچی(سید محمد عسکری) محکمہ بورڈز و جامعات عدالتی احکامات کی روشنی میں او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسران کو ہٹانے میں ناکام ہوگیا ہے۔ جب کہ محکمہ تعلیم اورصوبے کے دیگر محکموں میں افسران کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے مگر محکمہ محکمہ بورڈز و جامعات نوٹیفکیشن نکالنے کے باوجود اس پر عمل کرانے میں ناکام ہے اور تاحال کسی ایک بھی تعلیمی بورڈ اور جامعہ سے او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسر کو نہیں نکالا گیا ہے۔ ایک تعلیمی بورڈ کے چئیرمین نے جنگ کو بتایا کہ سیکریٹری بورڈز و جامعات ڈاکٹر منصور عباس رضوی کے پی ایس نے کہا کہ نوٹیفکیشن صرف خانہ پوری کے لیے ہے جو چل رہا ہے اسے چلنے دیں چناں نچہ ہم نے نوٹیفکیشن فائل میں لگا کر رکھ دیا۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے زرائع کے مطابق اگر نوٹیفکیشن پر عمل کیا تو لاڑکانہ سے سکھر اور میٹرک بورڈ میں بھیجے گئے دونوں سفارشی اور جونیئر افسران کو بھی جانا پڑے گا چناں چہ اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے جب کہ دونوں افسران کو واپس لاڑکانہ بورڈ بھیجنے کے لیے سمری کنٹرولنگ اتھارٹی و صوبائی وزیر اسماعیل راہو کے پاس تین دن قبل الگ بھیجی جاچکی ہے جو تاحال منطور نہیں ہوئی ہے۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ مونسپل کمیٹی جوہی کے گریڈ 18 کے افسر احسن الہی بھٹو کو ڈیپوٹیشن پر نوابشاہ تعلیمی بورڈ میں سیکریٹری کی اسامی پر تعینات کیا جاچکا ہے جب کہ سیکریٹری کی اسامی 19 گریڈ کی ہوتی ہے ۔ سپریم کورٹ نے ڈیپوٹیشن او او پی ایس دونوں پر پابندی عائد کررکھی ہے مگر محکمہ بورڈ و جامعات نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ اسے طرح محکمہ بورڈز نے ایکٹ اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریٹائرڈ پروفیسر نصرت شاہ کو ڈاو میڈیکل یونیورسٹی میں پرو وائس چانسلر تعینا ت کرکھا ہے۔ صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں او پی ایس، اضافی عہدہ اور لک آفٹر چارج کے حامل افسران کو ہٹانے میں مشکلات ہیں کسی بھی بورڈ میں 19 گریڈ کے افسران ہی نہیں ہیں تاہم پھر بھی ہم اسے دیکھیں گے تلاش کمیٹی کو کہا ہے کہ وہ جلد سیکریٹریز اور کنٹرولرز کے انٹرویوز کرے۔ انھوں نے کہا کہ جامعات میں اس پر عمل ممکن ہے کیوں کہ وہاں رجسٹرار، کنٹرولرز اور دیگر افسران ٹیچرز ہیں جو دہری زمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔ نوابشاہ بورڈ میں مونسپل کمیٹی جوہی کے گریڈ 18 کی بطور سیکریٹری تعیناتی اور ڈاو یونیورسٹی میں خاتون ریٹائرڈ پروفیسر کو پی وی سی مقرر کرنے کا معاملہ ان سے پہلے کا ہے وہ دیکھ کر ہی اس بارے میں کچھ کہ سکیں گے۔