سکس ریڈ ورلڈ کپ: پاکستان کے بابر مسیح نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی

September 20, 2021

پاکستان کے بابر مسیح نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں جاری آئی بی ایس ایف سکس ریڈ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

کوارٹر فائنل میں بابر مسیح نے ہم وطن حارث طاہر کو 0-6 سے شکست دی۔

سکس ریڈ اسنوکر کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے دونوں کیوئسٹس بابر مسیح اور حارث طاہر مدمقابل تھے۔

جس میں تجربہ کار بابر مسیح نے نوجوان حارث طاہر کی ایک نہ چلنے دی اور کوئی فریم ڈراپ کئے بغیر مقابلہ باآسانی 0-6 سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

بابر مسیح نے حارث طاہر کے خلاف میچ 0-54، 36-5،49 -11، 30-49، 2-45 اور 0-46 سے جیتا۔

اس سے قبل پیر کی صبح کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچز میں بابر مسیح نے بیلجیم کے کیون ہینسنز کو 2-6 سے ہرایا تھا۔

حارث طاہر نے پری کوارٹر فائنل میچ میں متحدہ عرب امارات کے خالد کمالی کو 2 فریمز ڈراپ کرتے ہوئے شکست دی۔

ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل منگل کو کھیلے جائیں گے۔