ای سی بی نے ایسے دوست کو نقصان پہنچایا جس کا ہمیں مشکور ہونا چاہیے، برطانوی صحافی

September 21, 2021

جارج ڈوبیل کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ کیے جانے کے بعد ایک اور سرکردہ برطانوی صحافی انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) پر برس پڑے اور کہا کہ بورڈ نے بزدلانہ اقدام سے ایسے دوست کو نقصان پہنچایا جس کا ہمیں مشکور ہونا چاہیے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی صحافی پیٹر اوبورن کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان منسوخ کرنا ای سی بی کا بزدلانہ فیصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے انگلش کرکٹ بورڈ پلیئرز پاور سے گھبراتا ہے، پلیئرز آئی پی ایل کھیلنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی بی نے بزدلانہ اقدام سے ایسے دوست کو نقصان پہنچایا جس کا ہمیں مشکور ہونا چاہیے۔

پیٹر او بورن نے کہا کہ سیکیورٹی جائزے میں کوئی تبدیلی نہیں تھی، برطانوی ہائی کمشنر کو بھی مسئلہ نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سفر کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں تھا، انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کہاں غائب ہیں؟ ای سی بی چیئرمین کیوں اپنے فیصلے کا دفاع نہیں کر رہے؟

برطانوی صحافی نے یہ بھی کہا کہ ای سی بی چیئرمین جانتے ہیں کہ یہ غلط فیصلہ ہے اس لیے دفاع نہیں کرسکتے۔