• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ پاکستان ختم کرنے سے قبل پوچھا ہی نہیں گیا، کپتان انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم

انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے دستبردار ہونے سے قبل پوچھا ہی نہیں۔ 

نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کے خلاف سیریز کے تیسرے ون ڈے کے آغاز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے کہا کہ یہ ہمارے بس سے باہر کی بات ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم سے دورہ پاکستان سے متعلق لیے گئے فیصلے پر مشاورت نہیں کی گئی، بورڈ کے ممبران کا اجلاس ہوا اور فیصلہ لے لیا گیا، ہمیں اس سے متعلق بعد میں پتہ چلا اور بتایا گیا کہ اب ہم دورہ پاکستان پر نہیں جارہے۔  

ساتھ میں ہیتھر نائٹ نے یہ بھی کہا کہ وہ اس معاملے پر مزید تبصرہ کرنا نہیں چاہتیں۔ 

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیریز کے آغاز سے قبل آخری لمحات میں سیکیورٹی کا بہانہ بناتے ہوئے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 

نیوزی لینڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان سے دستبرداری کا اعلان کیا جو کیوی ٹیم کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی تھی۔ 

انگلینڈ کی مینز ٹیم کے ساتھ ساتھ ویمن ٹیم نے بھی دورہ پاکستان کے لیے آنا تھا، پاکستان اور انگلینڈ ویمز ٹیموں کے درمیان پہلے 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں ٹی ٹوئنٹی اور پھر 17، 19 اور 21 اکتوبر کو ون ڈے کھیلے جانے تھے۔ 

تازہ ترین