کشمیر اور شمالی علاقوں میں موسم کی پہلی برفباری، بارش کے بعد سردی بڑھ گئی

October 11, 2021

ملک کے مختلف بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوگیا۔ استور، غذر اور کشمیر کے پہاڑوں پر برفباری نے شہریوں کو سردی کی آمد کا پیغام دے دیا۔ جبکہ نیلم اور نکیال میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برف باری وقفے وقفے سے جاری ہے۔ استور میں چیلم، شیرقلی میر ملک، کالا پانی اور دیگر بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی بڑھ گئی ہے، جبکہ استور کے میدانی علاقوں میں گزشتہ رات سے بارش ہورہی ہے۔

دیامر میں بابو سرٹاپ پر گزشتہ رات کی برفباری کے بعد ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔ ادھر ضلع غذر کے پہاڑوں پر بھی برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے بلند و بالا پہاڑوں پر ہونے والی برفباری سے میدانی علاقوں میں موسم سرد ہوگیا ہے۔ اور وادی نیلم، نکیال میں صبح سویرے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔