بریسٹ کینسر، ہر سال 14 ہزار خواتین جاں بحق، بروقت علاج سے بچاؤ ممکن، میرخلیل الرحمٰن سوسائٹی کے زیراہتمام سیمینار

October 18, 2021

لاہور (رپورٹ:وردہ طارق) پاکستان میں اٹامک انرجی کمیشن کے تحت کینسر کے 18ہسپتال جدید ترین آلات، ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ ان میں انمول ہسپتال لاہور ملک کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال ہے جس میں 80فیصد مریضوں کا علاج ہو رہا ہے اس کے علاوہ مزید 2ہسپتال گلگت اور مظفر آباد میں جلد ہی کام شروع کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر انمول ہسپتال لاہور ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی جنگ گروپ آف نیوز پیپرز اور ہیمل فارماسیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ کے زیر اہتمام خصوصی سیمینار بعنوان بریسٹ کینسر کیا ہے،وجوہات، بچائو میں کیا۔ سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر انمول ہسپتال ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے کی۔ حرف آغاز و تشکر ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ ہمیل فارما سیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے پیش کیا۔ ماہرین کے پینل میں ڈاکٹر مصباح مسعود، ڈاکٹر عامرہ شامی، ڈاکٹر رافعہ عثمان، ڈاکٹر مدیحہ علی خان، ڈاکٹر عذرا پروین ڈاکٹر رافعہ شہزاد شامل تھیں۔میزبانی کے فرائض چیئرمین ایم کے آر ایم ایس واصف ناگی نے سر انجام دیئے۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسولؐ مقبول کی سعادت بینش ملک نے حاصل کی۔ ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے متعلق اس طرح کے آگاہی سیمینارز عوام میں معلومات کا باعث بنتے ہیں۔ اس سے لوگوں میں مرض کے متعلق آگاہی آتی ہے اور امراض کے متعلق جو وہم ان کے دل میں ہوتا ہے وہ دور ہوتا ہے۔ کینسر کے علاج کے حوالے سے اب ہسپتالوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جدید طریقہ علاج اور سہولیات بھی متعارف ہو رہی ہیں۔ اب حالات بہتر ہو رہے ہیں ماضی کی نسبت اب ہم نے بریسٹ کلینکس کا بھی افتتاح کر دیا ہے۔ پاکستان میں اٹامک انرجی کمیشن کے تحت 18ہسپتال پاکستان میں کام کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ملکی دفاع، زراعت، پاور جنریشن میں بھی اٹامک انرجی اپنے حصے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ سب سے پہلے لاہور اور کراچی میں ہسپتال شروع کئے گئے پھر اس کے بعد پانچ سال کے وقفے سے ایک ایک ہسپتال بنتا گیا۔ ڈاکٹر ابوبکر شاہد نے کہا کہ انمول میں ریٹس کافی کم ہیں ہم منافع نہیں لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہیموٹالوجی ڈیپارٹمنٹ میں بچوں کے کینسر کو دیکھا جاتا ہے ان 18ہسپتالوں میں سب سے بڑا سیٹ اپ انمول میں ہے۔ بعض مریض ادویات اور ٹیکے افورڈ نہیں کر پاتے تو اس صورت میں ہم کوشش کرتے ہیں کہ صحت کارڈ، ویلفیئر سوسائٹی، مخیر حضرات فنڈز کے ذریعے ان کی مدد کر سکیں، اس کے علاوہ انمول میں سب سے پہلے ایک پروجیکٹ شروع کیا ہے جس میں کینسر کے لا علاج مریضوں کو چند دن رکھا جاتا ہے تاکہ ان کی زندگی کو آرام دہ بنایا جا سکے۔