• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ہفتے میں مہنگائی مزید 1اعشاریہ 35 فیصد بڑھ گئی


ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مزید 1 اعشاریہ35 فیصد اضافہ ہوگیا، ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت تقریباً 71 روپے فی کلو بڑھ گئی۔

آٹا، دودھ، دہی، لہسن، مرغی سمیت 22 اشیاء مہنگی ہوئیں جبکہ کم آمدن طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 21 اعشاریہ46 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے میں ٹماٹر اوسطاً 70 روپے 94 پیسے مہنگا ہوگیا، ملک میں اوسط قیمت 149 روپے 65 پیسے کلو ہوگئی۔

زندہ مرغی 19 روپے 33 پیسے فی کلو تک مہنگی ہونے کے بعد اوسط قیمت 203 روپے 39 پیسے کلو ہوگئی۔

ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 19اعشاریہ53 فیصد ہوگئی ہے، کم آمدن طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 21اعشاریہ46 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں لہسن 17 روپے 80 پیسے فی کلو، سرسوں کا تیل 9 روپے 19 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 35 روپے 87 پیسے اضافہ ہوا جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 32 پیسے مہنگا ہوگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے دودھ، دہی، مٹن، بیف،دال مسور، دال چنا، کیلا اور انرجی سیور بھی مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

آلو 2 روپے 45 پیسے، پیاز ایک روپے 40 پیسے فی کلو سستے ہوئے، انڈے کی قیمت میں فی درجن 6 روپے 05 پیسے کمی ہوئی، چینی اوسطاً 76 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

قومی خبریں سے مزید