• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز کے خوف نے عمران کا سکھ چین برباد کردیا ہے، عظمیٰ بخاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مسلم لیگ ن کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے خوف نے عمران خان کا سکھ چین برباد کردیا ہے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے حسان خاور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا منشور ’کرپشن بچاؤ‘ اور ’شور مچاؤ‘ بن چکا ہے، عمران خان اور وزراء شہباز شریف فوبیا کا شکار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کو دوسروں پر الزام لگاتے ہوئےآخر شرم کیوں نہیں آتی،رنگ روڈ اسکینڈل میں اربوں کھانے والے کپتان کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں، جس میں 2 سرکاری افسروں کو بَلی کا بَکرا بنایا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زلفی بخاری، شیخ رشید اور غلام سرور عمران خان کی ’مقدس گائے‘ ہیں، بنی گالہ اصل میں مافیاز کی جائے پناہ ہے، عمران خان کی سرپرستی میں ہر سیاسی بونا مال جمع کرنے میں لگا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسکینڈلز پر ہاتھ ڈالتے چیئرمین نیب کے پر جلتے ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ راولپنڈی کمشنر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسان خاور نے کہا تھا کہ شہباز شریف اب بھی تاریخیں لینے کی کوشش میں ہیں، یہ کیسے بے گناہ ہیں جو چاہتے ہیں انصاف کا پہیہ ہی نہ چلے، آپ کے مل کے ملازمین کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔

قومی خبریں سے مزید