وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، عمران خان دور کی معاشی بدحالی کی وجہ سے نواز شریف پریشان ہیں۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی نواز شریف اور اسحاق ڈار سے لندن میں ملاقات ہوئی، جس کے بعد وہ آئی ایم آیف سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس سال خسارے کا بجٹ ہوگا، نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے، مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اتحادی حکومت کا سب سے اہم مسئلہ معاشی حالت بہتر کرنا ہوگا، الیکشن ہی مسائل کا حل ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ نگران حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات نہیں کرسکتی، ملک کو پٹری پر ڈال کر الیکشن کی جانب جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سبسیڈی ختم نہیں کریں گے تو دوبارہ قرض لینا پڑے گا۔