ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پاک فضائیہ تعینات کر دیے گئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے دسمبر 1992ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، اپنے کیریئر کے دوران اُنہوں نے فائٹر اسکواڈرن اور ایک آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر اسٹاف آپریشنل ریکوائرمنٹس اینڈ ڈیولپمنٹ بھی تعینات رہ چکے ہیں۔
انہوں نے چین سے ملٹری آرٹس اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد ایئر آفیسر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹنگ اسٹاف اور فیکلٹی ممبر کے طور پر بھی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
وہ سعودی عرب میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس ٹیم کے کنٹیجینٹ کمانڈر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو پاک فضائیہ میں شاندار خدمات پر ستارۂ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔