پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پولیس عمران خان کے باورچی کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئی۔
ایک بیان میں پی ٹی آئی نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف پولیس کی جانب سے عمران خان کی رہائش گاہ پر آپریشن کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پولیس نے دوران آپریشن گھریلو ملازمین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب پولیس نے عمران خان کے ڈرائیور کو مارا پیٹا اور 10 ہزار روپے چھین لیے، پولیس کے اہلکاروں نے سویپر پر بھی تشدد کیا اور موبائل چھین لیا۔
واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد لاہور میں پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کر دیا۔
پولیس نے کرین کے ذریعے عمران خان کے گھر کا دروازہ توڑا اور گھر میں داخل ہو گئی، اس دوران عمران خان کی رہائشگاہ کے عقبی حصے کے ایک کمرے کی تلاشی بھی لی گئی۔
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کےاندر سے فائرنگ ہوئی ہے۔