قانون کی عملداری کسی بھی ملک، کسی بھی معاشرے میں ہر طرح کے انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے جانے کی بنیادی شرط ہے۔پاکستان کے آئین میں بھی ملک کے تمام شہریوں کو ان کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے لیکن عملی صورتحال یہ ہے کہ طبقہ اشرافیہ اپنے اثر و رسوخ اور مال و دولت کے بل پر قانون کی ناک جب اور جہاں سے چاہے مروڑ کر انصاف کا ترازو اپنے حق میں جھکا لیتا ہے جبکہ عام شہری قصور وار ہو یا نہ ہو، ذلت و رسوائی سہنے پر مجبور ہے۔ وہ نہ تو وکیلوں کی بھاری بھر کم فیسیں ادا کرنے کے قابل ہے کہ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹا سکے اور نہ ہی اس کے پاس اتنے پیسے ہیں کہ کسی کو دے کر اپنی عزت بچا لے۔ یہ وہ دورنہیں کہ بھرے مجمعے میں ایک بدو کے اعتراض پر خلیفہ وقت اپنے تمام تر جاہ و جلال کے باوجود اپنی صفائی پیش کرنے لگے۔ آج کا دور ہوتا تو ’’سیکورٹی گارڈز‘‘ اس غریب بدو کو پکڑ کر ’’لاپتہ‘‘ ہی کر دیتے اور خلیفہ کو اپنی بےگناہی ثابت کرنے کی زحمت سے صاف بچا لیتے۔ پاکستان کو اگرواقعی ریاست مدینہ بنانا ہے تو قانون سب کیلئے یکساں بنانے کی غرض سے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ کوئی جاہ و منصب کے زور سے کسی پر ظلم وزیادتی نہ کر سکےکیونکہ یہ حقیقت ہے کہ معاشرے کفر پر تو قائم رہ سکتے ہیں جبر اور نا انصاف پر کسی صورت نہیں۔(حسن رضا)