• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہل کراچی نے 8 فروری کے فیصلے پر آج ہی مہر لگادی، خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جب ہم آتے ہیں تو حاکم وقت گھر جاتے ہیں۔

باغ جناح کراچی میں جلسے سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اہل کراچی نے آج ہی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے پاکستان کے لوگوں کے لیے امید کی نئی کرن پیدا کر دی ہے، ہم نے پاکستان بنایا تھا اور اسے بچائیں گے۔

ایم کیو ایم کنوینر نے مزید کہا کہ جب ہم آتے ہیں تو حاکم وقت گھر جاتے ہیں، جو فیصلہ 8 فروری کو آنا ہے آج اس پر مہر لگ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف 75 سالوں سے ملک پر قبضہ کرنے والے حکمران ہیں اور دوسری طرف پاکستان کے عوام ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ایک طرف ظالم ہیں، دوسری طرف مظلوم ہیں، مظلوم عوام سے ظالم کی جنگ میں جیت عوام کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کراچی کی خوشحالی کی وجہ سے ہے، ہم کراچی کی پرواہ اس لیے کرتے ہیں کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم کنوینر نے کہا کہ ہم ایک وعدے، ارادے اور نعرے کی تجدید کرتے ہیں، پاکستان بنایا تھا اور پاکستان بچائیں گے، اس ملک کے بیٹے اور وارث آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے زیادہ منظم، مضبوط اور جدوجہد کے لیے آگئے، ہم ایک نیا اور وعدہ کر رہے ہیں کہ پاکستان پاکستانیوں کے حوالے کریں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج کے جلسے نے عوام کی حکمرانی کے خواب کو تعبیر دی ہے، کراچی کی سلامتی پاکستان کی سلامتی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں ، ملک کا خیر خواہ ہی شہر قائد کا بھی غم خوار ہوگا، آج غریبوں کےلیے امید کی کرن پیدا ہوگئی ہے۔

ایم کیو ایم کے جلسے کے اختتام پر آتش بازی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید