مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان اور سندھ پر اثر انداز ہونے کے باعث کراچی میں کل شام سے تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مشرق سے 34 سے 36 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور یہ تیز ہوائیں آج شام تک چلتی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہواؤں کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹے تک پہنچ سکتی ہے۔
شہر میں تیز ہواؤں کے سبب ٹھنڈ کا احساس بھی بڑھ گیا ہے۔
صبح کے اوقات میں کراچی میں درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان پر مسلسل اثر انداز ہے، سندھ کے جنوبی حصے میں تیز ہوا چلنے کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 فروری سے مغربی ہواؤں کے سسٹم کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، سسٹم بحیرہ عرب سے نمی حاصل کرنے کے بعد شدت اختیار کرے گا۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں اس سسٹم سے بارشیں ہوسکتی ہیں۔ 29 فروری تا 2 مارچ شہداد کوٹ جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر،گھوٹکی جبکہ یکم مارچ کو کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر میں بارش کا امکان ہے۔