• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسٹاف رپورٹر
اسٹاف رپورٹر | 22 مارچ ، 2024

پاپا کی لاڈلی بیٹیاں بھی شہرت کی بلندیوں پر، فلموں میں لاجواب اداکاری

کراچی (رپورٹ، اختر علی اختر) پاپا کی لاڈلی بیٹیاں بھی شوبز کی دُنیا کی اسٹار بن گئیں، پاکستانی اور بالی وڈ فلموں کے سپر اسٹارز کی بیٹیوں نے اپنے اپنے پاپا کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے فلموں میں خُوب کام یابیاں سمیٹیں، عابد علی کی بیٹی ایمان ، جاوید شیخ کی مُومل شیخ، انیل کپور کی سونم کپور، شکتی کپور کی بیٹی شردھاکپور، شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی، مہیش بھٹ کی بیٹی عالیہ، سیف علی خان کی بیٹی سارا و دیگر نے پہچان بنائی ۔ پاکستانی فلموں کے نامور اداکار اور ہدایت کارجاوید شیخ کی صاحبزادی مُومل شیخ نے ڈراموں اور فلموں میں کام کیا۔ 

انہوں نے بالی وڈ مووی ’’ہیپی بھاگ جائے گی‘‘ میں عمدہ کردار نگاری کی۔ فلم ’’وجود‘‘ کو پروڈیوس بھی کیا۔ فلموں اور ڈراموں کے نامور اداکار عابد علی کی صاحبزادی ایمان علی نے ڈراموں اور سپرہٹ فلموں میں لاجواب اداکاری کی۔

 انہیں جیو اور شعیب منصور کی فلم ’’خدا کے لئے ‘‘ اور ’’بول‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔

 اسی طرح نامور اداکار طلعت حسین کی بیٹی تزئین طلعت اور شمعون عباسی کی بیٹی انزیلہ عباسی نے بھی ڈراموں میں کام کیا۔

 اب ہم بات کرتے ہیں، بالی وڈ کی سپراسٹار کی، جن کی لاڈلی بیٹیاں، فلموں میں جلوہ گر ہوکر مقبولیت اورشہرت کی آسمان تک پہنچیں۔ 

بھارتی فلموں کے جانے پہچانے اداکار شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا نے بالی وڈ انڈسٹری میں اپنی علیحدہ پہچان بنائی۔ 

فلم سن اف سردار، دبنگ ٹو، ہمت والا، لٹیرا اور ٹوٹل دھماکا میں سوناکشی نے اپنی صلاحیتوں لوہا منوایا۔ بالی وڈ کے نامور وِلن شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور نے اپنی پہلی ہی فلم ’’عاشقی ٹو‘‘ سے کامیابی کے جھنڈے گاڑدیئے تھے۔

 بعدازاں انہوں نے درجنوں فلموں میں لاجواب اداکاری کی۔ نامور ہدایت کار مہیش بھٹ کی بیٹی پوجا بھٹ اور عالیہ بھٹ نے بھی بالی وڈ کی کئی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔ 

عالیہ بھٹ کو فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر اور اڑتا پنجاب میں عمدہ پرفارمنس پر کئی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ بھارت کے ممتاز اداکار انیل کپور کی صاحبزادی سونم کپور نے بھی اپنے والد کی طرح فلموں میں شناخت بنائی، سونم کپور کو پاکستانی ہیرو فواد خان کے ساتھ فلم ’’خوبصورت‘‘ میں بے حد پسند کیا گیا۔ 

سونم کپور نے بعدازاں دہلی 6، آئی ہیٹ لو اسٹوری، اور بے وفائیاں سمیت دیگر فلموں میں کام کیا۔ بونی کپور اور سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور نے چند فلموں میں کام کیا۔

 سیف علی خان کو بالی وڈ میں کون نہیں جانتا، انہوں نے پہلے امرتا سنگھ سے اور بعدازاں کرینا کپور سے شادی کی۔ ان کی صاحبزادی سارہ علی خان پٹوڈی نے فلم لو آج کل، قلی نمبر ون سمیت دیگر فلموں میں کام کیا۔ 

بالی وڈ اسٹار سنیل سیٹھی کی بیٹی عطیہ سیٹھی نے فلم ہیرو، مبارکاں، نواب زادے میں عمدہ کام کیا۔

 بھارتی فلموں کے اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے نے بھی فلم ’’ڈریم گرل 2‘‘ اور اسٹوڈنٹ آف دی ایئر میں کام کیا۔ 

اسی طرح رندھیر کپور کی صاحب زادیوں کرینہ کپور اور کرشمہ کپور نے بھی فلموں میں اپنی شناخت بنائی۔ ان دِنوں کنگ خان،شاہ رخ خان کی صاحبزادی سوہانا خان کے بھی بہت چرچے ہیں۔